Bilad e Islamia(Cities of Islam), Allama Iqbal - Baang e Dara

Bilad e Islamia(Cities of Islam), Allama Iqbal

Allama Iqbal Poetry


بلادِ اسلامیہ


سرزمیں دلی کی مسجود دل غم دیدہ ہے 

ذرے ذرے میں لہو اسلاف کا خوابیدہ ہے


پاک اس اجڑے گلستاں کی نہ ہو کیونکر زمیں 

خانقاہ عظمت اسلام ہے یہ سرزمیں


سوتے ہیں اس خاک میں خیر الامم کے تاجدار 

نظم عالم کا رہا جن کی حکومت پر مدار


دل کو تڑپاتی ہے اب تک گرمی محفل کی یاد 

جل چکا حاصل مگر محفوظ ہے حاصل کی یاد


ہے زیارت گاہ مسلم گو جہان آباد بھی 

اس کرامت کا مگر حق دار ہے بغداد بھی


یہ چمن وہ ہے کہ تھا جس کے لیے سامان ناز 

لالہ صحرا جسے کہتے ہیں تہذیب حجاز


خاک اس بستی کی ہو کیونکر نہ ہمدوش ارم 

جس نے دیکھے جانشینان پیمبر کے قدم


جس کے غنچے تھے چمن ساماں، وہ گلشن ہے یہی 

کاپنتا تھا جن سے روما، ان کا مدفن ہے یہی


ہے زمین قرطبہ بھی دیدہء مسلم کا نور 

ظلمت مغرب میں جو روشن تھی مثل شمع طور


بجھ کے بزم ملت بیضا پریشاں کر گئی 

اور دیا تہذیب حاضر کا فروزاں کر گئی


قبر اس تہذیب کی یہ سر زمین پاک ہے 

جس سے تاک گلشن یورپ کی رگ نم ناک ہے


خطہ قسطنطنیہ یعنی قیصر کا دیار 

مہدی امت کی سطوت کا نشان پائدار


صورت خاک حرم یہ سر زمیں بھی پاک ہے 

آستان مسند آرائے شہ لولاک ہے


نکہت گل کی طرح پاکیزہ ہے اس کی ہوا 

تربت ایوب انصاری سے آتی ہے صدا


اے مسلماں! ملت اسلام کا دل ہے یہ شہر 

سینکڑوں صدیوں کی کشت و خوں کا حاصل ہے یہ شہر


وہ زمیں ہے تو مگر اے خواب گاہ مصطفی

دید ہے کعبے کو تیری حج اکبر سے سوا


خاتم ہستی میں تو تاباں ہے مانند نگیں 

اپنی عظمت کی ولادت گاہ تھی تیری زمیں


تجھ میں راحت اس شہنشاہ معظم کو ملی 

جس کے دامن میں اماں اقوام عالم کو ملی


نام لیوا جس کے شاہنشاہ عالم کے ہوئے

جانشیں قیصر کے، وارث مسند جم کے ہوئے


ہے اگر قومیت اسلام پابند مقام 

ہند ہی بنیاد ہے اس کی، نہ فارس ہے، نہ شام


آہ یثرب! دیس ہے مسلم کا تو، ماوا ہے تو

نقطہ جاذب تاثر کی شعاعوں کا ہے تو


جب تلک باقی ہے تو دنیا میں، باقی ہم بھی ہیں 

صبح ہے تو اس چمن میں گوہر شبنم بھی ہیں

(Baang e Dara, Allama Iqbal)                                                                    

Post a Comment

0 Comments